امام موسٰی کاظم علیہ السلام کےمختصر کلمات
امام موسٰی ابن جعفر علیہ السلام ساتویں امام برحق ہیں۔ یہاں پر ہم ان کے چند مختصر فرامین نقل کریں گے جن کا ایک ایک لفظ انسان کے لئے رہنما اصول
اور سنہری حروف میں لکھنے کے قابل ہے۔
سیرت ائمہ اہلبیت علیہم السلام میں علامہ سید ہاشم معروف حسنی نے امام موسٰی کاظمؑ کے چند فرامین کچھ یوں بیان کئے ہیں۔
۔۱۔ کہیں ایسا نہ ہو کہ جتنا مال تم الله تعالٰی کی اطاعت میں خرچ کرنے سے باز رہو، اتنا ہی اس کی نافرمانی میں خرچ کر ڈالو۔
۔۲۔ مومن ترازو کے دو پلڑوں کی مانند ہوتا ہے یعنی جوں جوں اس کا ایمان بڑھتا ہے اس کی آزمائش بھی بڑھتی چلی جاتی ہے۔
۔۳۔ اچھی ہمسائیگی صرف ضرر رسانی سے رکے رہنا ہی نہیں بلکہ ضرر پہنچنے پر صبر کرنا بھی اچھی ہمسائیگی ہے۔
۔ ۴۔ اپنے دل میں ناداری کا خوف اور طول عمر کی خواہش نہ رکھو کیونکہ جس کو ناداری کا خوف ہو وہ کنجوسی کرنے لگتا ہے اور جو طول عمر کی خواہش کرتا ہے وہ لالچ میں مبتلا ہو جاتا ہے۔
۔۵۔ دنیا کی نعمتوں میں سے اپنے لئے اتنا حصہ لے لو جو جائز ضروریات کے لئےہو، جس سے مروت پر دھبہ نہ آئے اور اس میں فضول خرچی بھی نہ ہو۔ پھر اس سے اپنے دینی معاملات کے انجام دینے میں مدد لو کیونکہ وہ شخص ہم میں سے نہیں ہے جو دین کی خاطر دنیا کو چھوڑ دے یا دنیا کے پیچھے دین کو ترک کر دے۔
۔۶۔ فقیہ کا مرتبہ ایک عابد سے اسی طرح بلند ہے جس طرح ستاروں سے آفتاب کا مرتبہ بلند ہے۔
۔۷۔ آپؑ نے علی بن یقطین سے فرمایا؛ حاکم کے مفاد میں کام کرنے کا کفارہ یہ ہے کہ تم اپنے بھائیوں کے ساتھ نیک سلوک کرتے رہو۔ جب لوگ ایسے گناہ کرنے لگیں کہ جو انہوں نے پہلے کبھی نہ کئے ہوں تو الله تعالٰی بھی ان پر ایسی مصیبتیں نازل کرے گا جو اُن پر کبھی نہ آئی ہوں۔
۔۹۔ امامؑ نے فرمایا؛ قیامت کے روز ایک منادی یہ آواز دے گا کہ ہر وہ شخص کھڑا ہو جائے جس پر الله تعالٰی کا کوئی اجر نکلتا ہو۔ اس پر صرف وہ لوگ کھڑے ہوں گے جنھوں نے کسی کا قصور معاف کر کے اس سے صلح کی ہوگی کیونکہ ایسے ہی لوگوں کا اجر الله تعالٰی پر ہوتا ہے۔
۔۱۰۔ آپؑ نے یہ بھی فرمایا؛ وہ سخی شخص کہ جو خوش خلق بھی ہو، وہ الله تعالٰی کے قرب میں رہتا ہے۔ پھر الله تعالٰی اس کو ہرگز دور نہیں کرتا یہاں تک کہ اس کو جنت میں داخل کر دیتا ہے۔ چنانچہ میرے والد بزرگوار اپنی زندگی کے آخری لمحات تک مجھ کو سخاوت اور حسن اخلاق کی برابر تلقین فرماتے رہے۔
کتاب۔ سیرت ائمہ اہلبیت علیہم السلام جلد دوم
صفحات ۳۱۷-۳۱۸
مصنف۔ علامہ سید ہاشم معروف حسنی
التماس دعا۔ بندہ احقر توصیف اسلم امرہ کلاں
No comments:
Post a Comment